

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں لاہور ، ملتان، فیصل آباد، بہاول پور، چنیوٹ، رحیم یارخان، لودھراں، راجن پور، جھنگ، خوشاب اور سرگودھا میں موسلا دھار بار شیں ریکارڈ کی گئیں۔
صوبہ سندھ کے علاقے تھرپارکر میں بھی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ ہنگو میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارشں کا امکان
محکمہ مو سمیات نے آج بھی پنجاب، شمال مشر قی بلو چستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے پنجاب، کے پی اور بلوچستان کے لیے 17جولائی تک بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ندی نالوں میں طغیانی سے فلڈ الرٹ جاری
ادھر کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، فلڈ کنٹرول روم کے مطابق برساتی نالےچھاچھڑ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، چھاچھڑ میں 48 ہزار 901 کیوسک ریلا گزر رہا ہے، جس کی وجہ سے برساتی ندی نالوں کا فلڈ الرٹ جاری ہے اور برساتی ندی نالوں کے قریبی آبادی کو محتاط رہنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق نالہ کاہا سلطان 5 ہزار647 اور نالہ پٹوک 4 ہزار 629کیوسک ریلاگزر رہا ہے، نالہ زنگی میں 5 ہزار 547، سوری شمالی میں3 ہزار 340 اورکالابگا 1340کیوسک کاریلا گزر رہا ہے۔
سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ
دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری رہے، کوٹ مٹھن کے مقام پر 3لاکھ 61 ہزار 741کیوسک پانی گزر رہا ہے، حالیہ بارشوں کے باعث دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ دریائی بیلٹ میں کاشت فصلیں دریا برد ہونے سے کاشتکار پریشان ہوگئے ہیں۔