Background
Logo

بلوچستان: تحصیلداروں کے بطور اے سی کام کرنے اور اسسٹنٹ کمشنرز کے او ایس ڈی ہونے کا انکشاف

pictures

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے محکمہ نظم ونسق کے اجلاس میں کئی انکشافات سامنے آئے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نظم ونسق کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید ظفر علی آغا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں گریڈ 19 کے ملازمین کے لیے مختص فلیٹس گریڈ 16 کے ملازمین کو الاٹ کرنے،

صوبے میں 19 تحصیلداروں کے بطور اسسٹنٹ کمشنر کام کر نے جب کہ بڑی تعداد میں اسسٹنٹ کمشنرز کے او ایس ڈی ہونے کے ا نکشافات سامنے آئے۔

اس کے علاوہ اسٹینڈنگ کمیٹی نے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد کے واجبات ادا نہ کرنے والوں کے نام اسمبلی فلور پر بے نقاب کرنے کا بھی اعلان کردیا۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کئی کوارٹرز غیر متعلقہ افراد کو الاٹ کیے گئے ہیں اور بعض فلیٹس گریڈ 19 کے ملازمین کے لیے مختص ہونے کے باوجود گریڈ 16 کے ملازمین کو دیے گئے ہیں۔کمیٹی نے 2 ہفتوں کے اندر تمام الاٹمنٹ کی تفصیلی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں اراکین نے تشویش ظاہر کی کہ ترقیوں کے باعث پیدا ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے بعض تحصیلداروں کو بطور قائم مقام اے سی تعینات کیا گیا ہے جو عدالتی احکامات کے خلاف ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ اس وقت تقریباً 19 تحصیلدار بطور اے سی کام کر رہے ہیں جب کہ او ایس ڈی اسسٹنٹ کمشنرز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، کمیٹی نے ان افسران کی تفصیلی فہرست طلب کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں بھی غیر قانونی رہائش اور ریونیو کی عدم ادائیگی کی شکایات کا نوٹس لے لیا گیا۔