

متعلقہ مضمون
اہم خبریں
کراچی میں شدید حبس،گرمی کی وجہ کیا اور شہر میں موسلا دھار بارش کب متوقع ہے؟

کراچی : موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے شہر قائد میں منگل اور بدھ کو موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے جواد میمن نے کراچی میں اچانک شدید گرمی کی وجہ پر بات کی۔
انہوں نے کہاکہ کراچی میں شدید حبس محسوس کیا جارہا ہے، مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا ہے، سمندری ہوائیں رکی ہوئی ہیں، حبس اور مرطوب موسم مون سون سسٹم کو تقویت دیتے ہیں۔
جوادمیمن نے بتایا کہ مون سون کا رخ اب سندھ اور بلوچستان کی طرف منتقل ہوگیا ہے جس کے تحت 18 اگست سے 23 اگست تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کاامکان ہے۔
منگل اور بدھ کو کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر اور شام میں گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ہے جب کہ منگل اور بدھ کو کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان بھی رہے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 23 اگست تک جاری رہنے والےسسٹم کے دوران شہر بھر میں 2 سے 3 اسپیل آسکتے ہیں، اسپیل کے دوران شہر کے بیشتر مقامات پر 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے، چند مقامات پر 70 سے 80 اور کہیں کہیں 100 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔جوادمیمن کے مطابق ایک اور ہوا کا کم دباؤ 25 اگست کے قریب خلیج بنگال میں بن سکتا ہے، اگست کے آخری دنوں میں بھی کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان رہے گا۔
اربن فلڈنگ کا خدشہ
جواد میمن نے کراچی سمیت سندھ کے دیگرشہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوسکتا ہے۔